ملک بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو اب 2500 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق ملک بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قومی اوسط قیمت 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پشاور اور بنوں کے شہریوں کو ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے کا سامنا ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا 2426 روپے 67 پیسے میں دستیاب ہے، جب کہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 2400 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2267 روپے تک ہے۔ لاہور میں آٹے کا تھیلا 2230 روپے، فیصل آباد میں 2200 روپے، سرگودھا میں 2200 روپے اور ملتان میں 2293 روپے 33 پیسے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔
بہاولپور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 2333 روپے 33 پیسے تک جا پہنچی ہے، جب کہ کراچی اور حیدرآباد میں آٹے کا تھیلا 2400 روپے میں دستیاب ہے۔ سکھر میں آٹے کا تھیلا 2240 روپے اور لاڑکانہ میں 2300 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ کوئٹہ میں آٹے کی قیمت 2300 روپے، خضدار میں 2200 روپے تک ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے گزشتہ روز آٹے اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے اور 20 کلو تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ روٹی کی قیمت 14 روپے فی پیس مقرر کی گئی ہے۔