عید میلاد النبی ﷺ پاکستان بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، خصوصی دعاؤں کا اہتمام

عید میلاد النبی ﷺ پاکستان بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، خصوصی دعاؤں کا اہتمام

رحمتِ دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت آج پاکستان بھر میں مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و محبت اور احترام کے ساتھ منایا گیا اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، کراچی سے راولپنڈی تک چاروں صوبوں، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا کی گلیاں، مساجد، بازار اور چوراہے درود و سلام، نعتوں کی صداؤں اور عشقِ رسول ﷺ سے گونجتے رہے۔

یوم ولادت سرکارِ دو عالم خاتم النبین حضرت محمد ﷺ 31 توپوں کی سلامی

رحمتِ دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت پاک فوج کی وفاقی دارلحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی گئی، ملک بھر میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، سلامی کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا اور فضا اللہ اکبر اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، 12 ربیع الاوّل کے موقع پر ملک بھر میں رات بھر چراغاں کیا گیا، محافل میں حضورﷺ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئےاور آقائے دو جہاں ﷺ کے حضور درود و سلام پیش کیاگیا۔

کراچی میں سبز روشنیوں سے جگمگاتی گلیاں، عقیدت کا منفرد منظر

کراچی کے تاریخی علاقوں جیسے برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، کھارادر، لیاری اور دیگر علاقوں میں گھروں، گلیوں، مساجد اور عمارتوں کو سبز جھنڈیوں، قمقوں اور گنبدِ خضریٰ کی تصویروں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔ اہل علاقہ نے بریانی، قورمہ، شربت اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

یہ بھی پڑھیں:عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے حکومت بلوچستان کا جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان

مرکزی جلوس نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علما و مشائخ کی قیادت میں نکالا گیا جو نشتر پارک پر عظیم الشان میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس پراختتام پذیر ہوا۔ خواتین اور بچیوں نے روایتی لباس زیب تن کیے، نعت خوانی کی اور جلوس میں بھرپور شرکت کی۔ عربی لباس میں ملبوس افراد اونٹ اور گھوڑوں پر سوار ہو کر عشقِ رسول ﷺ کا اظہار کرتے رہے۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے شہر بھر میں 4,400 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی، چیک پوسٹس اور داخلی راستوں پر سیکیورٹی سخت رکھی گئی۔ جماعت اہلِ سنت، سنی تحریک، تحریکِ لبیک اور دیگر مذہبی تنظیموں کی جانب سے جلوس کے شرکا کے لیے کیمپ بھی لگائے گئے۔

راولپنڈی میں سخت حفاظتی انتظامات کے تحت 12 ربیع الاول کی تقریبات

راولپنڈی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر105 سے زیادہ جلوس نکالے گئے، جن میں مرکزی جلوس جامع مسجد سے شروع ہو کر مری روڈ، راجہ بازار، فوارہ چوک سمیت دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ شہر بھر میں 6,000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، جن میں چھتوں پر سنائپرز، داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سیف سٹی کیمروں سے نگرانی شامل تھی۔

تمام مرکزی سڑکیں بند کر دی گئیں، جبکہ 530 سے زیادہ ٹریفک افسران نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا۔ لاؤڈ اسپیکر اور موسیقی پر پابندی عائد رہی، جبکہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی گاڑیوں کو جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ انتظامیہ نے علما کرام کے تعاون سے بین المسالک ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھیں:جشن عید میلاد النبی ﷺ ملک بھر میں آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عاشورہ محرم کی طرز پر انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کی صفائی کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی خصوصی اقدامات کیے۔

قومی قیادت کا امتِ مسلمہ کے نام پیغام

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم اور امتِ مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دی اور حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کی۔ وزیرِ اعظم نے ہر قسم کے تعصب، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرت کو رد کرتے ہوئے ہمدردی اتحاد اور رواداری کو فروغ دینے پر زور دیا۔

سرکاری اور نجی سطح پر ملک بھر میں محافلِ میلاد، نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔

عقیدت، محبت اور اجتماعیت کا دن

عید میلاد النبی ﷺ کی روحانی خوشبو سے ملک کا چپہ چپہ معطر رہا، کھارادر کی جگمگاتی چاغلہ اسٹریٹ سے راولپنڈی کے تاریخی راجہ بازار تک، ہر گلی میں محبتِ رسول ﷺ کے نعرے، درود و سلام اور نعتوں کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔ شہریوں نے وسیع پیمانے پر لنگر، شربت اور کھانے تقسیم کیے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *