پی سی بی کا بابراعظم سے متعلق اہم فیصلہ

پی سی بی کا بابراعظم سے متعلق اہم فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے)، لاہور میں 11 رکنی ریڈ بال ٹریننگ کیمپ کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ کیمپ 9 سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ تمام کھلاڑیوں کو 8 ستمبر تک رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کیمپ کی نگرانی عبوری ریڈ بال ہیڈ کوچ اظہر محمود کریں گے، جن کی معاونت این سی اے کے کوچز اور سپورٹ اسٹاف کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑی تبدیلیاں متوقع، بابراعظم کی اے کیٹیگری برقرار رہنے پر خدشات

کیمپ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے، جن میں سابق کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق، علی رضا، اذان اویس، کامران غلام، محمد علی، محمد حریرہ، محمد سلمان، روحیل نذیر، ساجد خان اور شمیل حسین شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق کیمپ کے لیے صرف وہی کھلاڑی زیر غور آئے جو اس وقت جاری حنیف محمد ٹرافی، پاکستان کی اعلیٰ درجے کی ڈومیسٹک ریڈ بال ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے رہے۔ سینیئر کھلاڑی محمد رضوان اور نسیم شاہ کیمپ کے لیے دستیاب نہیں کیونکہ وہ کیریبین پریمیئر لیگ 2025 میں مصروف ہیں۔

3 ہفتوں پر مشتمل اس کیمپ میں کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور میچ کی تیاری پر توجہ دی جائے گی۔ اس دوران حقیقی میچ جیسی صورتحال پر مبنی پریکٹس میچز بھی کروائے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو عملی تجربہ حاصل ہو۔

مزید پڑھیں:بابراعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، معاوضہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 اکتوبر کو لاہور میں ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025–27 کے سائیکل میں پاکستان کی مہم کا آغاز بھی ہوگی۔

یہ ریڈ بال کیمپ پی سی بی کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کے تحت قومی ٹیسٹ ٹیم کی مضبوطی اور تیاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاکہ ایک باصلاحیت اور متوازن ٹیم جنوبی افریقہ جیسے سخت حریف کے خلاف میدان میں اترے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *