ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) جدید جنگی تقاضوں سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کر رہی ہے، جس میں خلا میں آپریشنز، سائبر ٹیکنالوجیز، الیکٹرانک وارفیئر اور مقامی دفاعی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوں سمیت قیام پاکستان سے اب تک شہید ہونے والے تمام جانبازوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ ’قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کی مقروض ہے اور ان کا ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا‘۔انہوں نے معرکۂ حق اور بنیانُ مرصوص جیسے آپریشنز میں فضائیہ کی کامیابیوں کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور عزم کا واضح ثبوت قرار دیا۔
ملک بھر کے تمام فضائی اڈوں پر قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعائیں کی گئیں۔ یومِ شہداء کی یہ پرُوقار تقاریب فضائیہ کے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اظہار تھیں۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل بابر ظہیر احمد سدھو نے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
صدر آصف علی زرداری کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ فضائیہ پر پاکستان ایئر فورس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ فضائیہ نے معرکۂ حق اور بنیانُ مرصوص میں شاندار کردار ادا کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی اور ہمیشہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ملک کا دفاع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضائیہ کی جدید صلاحیتیں ملک کے دفاع کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خراج تحسین
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو ہر سمت سے حیران کن انداز میں شکست دی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’فضائیہ کی ناقابلِ تسخیر اور ہمہ جہت جنگی صلاحیتیں ان کی جدت پسندی کا ثبوت ہیں۔ دشمن پاکستان کے فضائی جانبازوں کے جذبے کو کبھی شکست نہیں دے سکتا‘۔
یوم فضائیہ بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 1965 کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت
ملک بھر میں آج یومِ فضائیہ 7 ستمبر روایتی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد 1965 کی جنگ میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی تاریخی فتوحات اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، اس موقع پر پاک فضائیہ کے جانباز راشد منہاس شہید کی قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، ان کے قبر پرپھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور سلامی پیش کی گئی۔
یہ دن خاص طور پر سکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) اور راشد منہاس شہید جیسے عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے ایک ہی پرواز میں بھارتی فضائیہ کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے، جن میں سے 4 صرف 30 سیکنڈز کے اندر تباہ کیے گئے، جو آج بھی دنیا کی فضائی جنگی تاریخ کا ایک ناقابلِ یقین کارنامہ مانا جاتا ہے۔
اتوار کو ملک بھر میں یوم فضائیہ کے موقع پر تقریبات، پریڈز اور مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
ایئر وائس مارشل شہریار خان کا دوٹوک پیغام
یوم فضائیہ کی مرکزی تقریب مزارِ قائد کراچی میں منعقد ہوئی جہاں ایئر وائس مارشل شہریار خان مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ذمہ داری سنبھالی۔
اپنے خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار خان نے 6 ستمبر کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آپریشن بنیان مرصوص نے ایک بار پھر 1965 کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو اس بار سکور 0-6 پر نہیں رکے گا، بلکہ 60-0 تک جائے گا‘۔
پاکستانی قوم کو ایئر فورس پر فخر ہے
ایئروائس مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایئر فورس ہر محاذ پر تیار ہے، چاہے امن ہو یا جنگ ہو’پاکستان ایئر فورس نے ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اتر کر دکھایا ہے اور کبھی مایوس نہیں کیا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری ایئر فورس ہر دور میں، ہر چیلنج کے وقت سب سے آگے کھڑی ہوتی ہے‘۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی فضائی حدود محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ٹیکنالوجی میں جدت کی بدولت پی اے ایف کو دنیا بھر میں منفرد مقام حاصل ہوا ہے۔
ایم ایم عالم کو خراج تحسین
یومِ فضائیہ کا ذکر ایم ایم عالم کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے، جنہوں نے 1965 کی جنگ میں جو کارنامہ سرانجام دیا، وہ آج بھی دنیا کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ ان کی جرأت اور بہادری نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور پی اے ایف کی قابلیت و عزم کی روشن مثال ہے۔
یوم فضائیہ کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب، فلائی پاسٹس، شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھانے اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ ان سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔