تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے افغانستان کو شاندار کارکردگی کے بعد 75 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغان ٹیم محض 66 رنز پر آوٹ ہوگئی۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، بیٹنگ لائن میں فخر زمان نے 27، محمد نواز نے 25 جبکہ آغا سلمان نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم صرف 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کا سب سے یادگار لمحہ محمد نواز کی شاندار ہیٹ ٹرک رہی۔ انہوں نے چھٹے اوور کی آخری دو گیندوں پر وکٹیں لینے کے بعد آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر ایک اور کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی اور یہ کارنامہ مکمل کیا۔ نواز نے مجموعی طور پر 4 اوورز میں صرف 19 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سفیان مقیم اور محمد ابرار نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان 17 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔
پاکستان کی یہ فتح نہ صرف ٹرافی جیتنے کا سبب بنی بلکہ محمد نواز کی ہیٹ ٹرک نے میچ کو یادگار بھی بنا دیا۔