سابق امریکی صدر باراک اوباما نے نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز ’اوور اوشنز‘ میں شاندار بیانیہ پر آؤٹ اسٹینڈنگ نیریٹرکا ایوارڈ جیت کر اپنا تیسرا ایمی ایوارڈ حاصل کر لیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں 76ویں کری ایٹو آرٹس ایمی ایوارڈز میں اتوار7 ستمبر کو دیا گیا۔
64 سالہ سابق امریکی صدر باراک اوباما نے لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب میں شرکت نہیں کی، ان کی جگہ جارڈن کلاپر نے ان کا ایوارڈ قبول کیا۔
اس کیٹیگری میں اوباما کا مقابلہ کئی معروف شخصیات سے تھا جن میں سر ڈیوڈ ایٹن بَرو، ادریس ایلبا، ٹام ہینکس اور فوبی والر برج بھی شامل تھے۔
نیٹ فلکس کی یہ 5 اقساط پر مشتمل سیریز 2024 کے آخر میں ریلیز ہوئی، جس میں دنیا کے مختلف سمندروں کی خوبصورتی اور تنوع کو جدید ترین انڈر واٹر ٹیکنالوجی کی مدد سے دکھایا گیا۔
اوباما نے بحرالکاہل میں ہمپ بیک وہیلز، آرکٹک میں والرسز، اور انڈین، سدرن اور اٹلانٹک اوشن پر مشتمل اقساط میں بیانیہ دیا۔ خاص طور پر ’انڈین اوشن‘ (بحر ہند) کی قسط کو ان کے ایوارڈ کا اہم سبب قرار دیا گیا ہے۔
یہ سیریز اوور گریٹ نیشنل پارکس کے تخلیق کاروں کی جانب سے تیار کی گئی ہے، وہی ٹیم جس نے اوباما کے ساتھ ان کے گزشتہ ایمی ایوارڈ یافتہ پراجیکٹس پر کام کیا۔
یہ اوباما کا تیسرا مسلسل ایمی ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ 2022 میں اوور گریٹ نیشنل پارکس اور 2023 میں ’ورکنگ: وٹ وی ڈو آل دی ڈے‘ کے لیے ایمی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
اس حالیہ کامیابی کے ساتھ، باراک اوباما نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف سیاست میں بلکہ ماحولیاتی شعور بیدار کرنے والے ڈاکیومنٹریز میں بھی ایک مؤثر اور طاقتور آواز ہیں۔