یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے صارفین کے لیے خصوصی ایکسچینج آفر متعارف کرائی ہے، جس کے تحت صارفین اپنی موجودہ موٹر سائیکل مخصوص ڈیلرشپس پر جمع کرا کے نئی یاماہا بائیک حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو نجی خرید و فروخت کی مشکلات، خریدار تلاش کرنے، قیمت پر مذاکرات اور غیر یقینی صورتحال سے نجات دلانا ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے صارفین کو زیادہ قابل اعتماد، جدید اور آرام دہ سواری فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاماہا نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت فی الحال صرف منتخب ڈیلرشپس پر دستیاب ہے، اس لیے خریداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پہلے دستیابی کی تصدیق ضرور کر لیں۔
اس اعلان کے ساتھ ہی یاماہا موٹر پاکستان نے اپنی کاروباری پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ملک میں موٹر سائیکلوں کی مقامی تیاری بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی نے برسوں تک تعاون اور وفاداری پر صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری حکمتِ عملی میں تبدیلی کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔