سلامتی کونسل کی اسرائیل کا نام لیے بغیر قطر پر حملوں کی مذمت

سلامتی کونسل کی اسرائیل کا نام لیے بغیر قطر پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے، تاہم بیان میں اسرائیل کا نام براہِ راست نہیں لیا گیا، پاکستان کی درخواست پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد برطانیہ اور فرانس نے مذمتی بیان تیار کیا، جس کی سلامتی کونسل کے تمام 15 اراکین، بشمول اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ نے منظوری دی۔

بیان میں قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی گئی اور تاکید کی گئی کہ غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور فوری جنگ بندی کو اولین ترجیح دی جائے۔ عام طور پر امریکہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے تحفظ کا اعلان کرتا رہا ہے، تاہم اس بار سلامتی کونسل کے بیان کی حمایت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناراضگی ظاہر کی جبکہ حملہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حکم پر کیا گیا تھا۔

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ اسرائیل نے قطر کے خلاف جارحیت کے ساتھ عالمی امن کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور یہ اقدام یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری خطے میں امن قائم کرنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیل کا قطر پر حملہ: پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

اسرائیلی حملے میں حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، جس میں سینئر رہنما خلیل الحیا کے بیٹے اور ان کے دفتر کے ڈائریکٹر سمیت چھ افراد جان سے گئے، تاہم حماس کی قیادت محفوظ رہی، دوحہ پر اسرائیلی کارروائی کے بعد امریکہ نے اس پر ناراضگی ظاہر کی اور اسے یکطرفہ اقدام قرار دیا۔

قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی نے اس حملے کو سفارتکاری کی توہین اور امن کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے دوحہ پر حملہ کر کے غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں :اسرائیلی فوج کا قطر کے دارالحکومت دوحہ پر حملہ، حماس رہنما شہید

قطر نے عالمی ثالثی کے اپنے کردار کو جاری رکھنے اور خونریزی روکنے کے لیے اپنی انسانی اور سفارتی کوششیں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

قطر کے وزیراعظم نے پہلے بھی امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی امیدوں کو ختم کر دیا اور حماس پر حملے سے یرغمالیوں کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *