سیلاب متاثرہ طلبہ کے لیے بڑا ریلیف

سیلاب متاثرہ طلبہ کے لیے بڑا ریلیف

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔

یہ فیصلہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد اب مقررہ تاریخ سے تقریباً تین ہفتے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ 5 اکتوبر 2025 کو ہونا تھا لیکن نئی تاریخ کے مطابق اب یہ 26 اکتوبر 2025 بروز اتوار منعقد ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام طلبہ کے وسیع تر مفاد میں ہے تاکہ وہ بہتر تیاری کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں طوفانی بارش سے بحرانی صورتحال، ندی نالے بپھر گئے، اسکول بند، فوج طلب

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیلاب سے ہزاروں طلبہ متاثر ہوئے ہیں، کئی علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں، کتابوں اور نوٹس کا نقصان ہوا ہے جبکہ آمدورفت کے مسائل بھی تیاری میں رکاوٹ ہیں۔ ان کے مطابق ایم ڈی کیٹ کی ری شیڈولنگ تمام مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تاکہ امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم ہوں۔

پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تیاری نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ٹیسٹ کے طریقہ کار، سوالات کے پیٹرن اور سلیبس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *