امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی ڈپٹی وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ پیش رفت کو خوش آئند اور مثبت قرار دیا اور علاقائی و بین الاقوامی حالات پر مفصل تباد لہ خیال کیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے، امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی یہ یقین دلایا کہ وہ واشنگٹن کی طرف سے اس تعلق کو وسعت دینے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر سکیورٹی تعاون، معاشی و تجارتی معاملات اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ،پاکستان نے امریکی قیادت کی کوششوں کی ستائش کی، خصوصاً ایسے اقدامات کی جو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ دو ممالک کے مابین اعتماد کی فضا کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور باہمی مفاہمت کی بنیاد پر ایسے منصوبے شروع کیے جائیں جن سے عوامی سطح پر تعلقات بہتر ہوں۔ اسحاق ڈار انے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ شراکت داری میں مزید فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک امریکہ تعلقات کو محض سفارتی الزامات یا رسمی ملاقاتوں تک محدود نہیں رہنے دیا جائے گا، بلکہ عملی اقدامات، معاہدات اور تعاون کی ٹھوس بنیادیں استوار کی جائیں گی تاکہ عوامی مفاد، معاشی فائدہ اور علاقائی استحکام دونوں ممالک کے لیے یقینی بنے۔