محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے مغربی ہواؤں اور بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں 15 ستمبر کی شام سے 19 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں 16 سے 19 ستمبر تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی،خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک اور وزیرستان میں طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، احتیاطی تدابیر کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے شہری اور مسافر محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شہری سیلاب یا پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ متوقع ہے، جن علاقوں میں بارش کا امکان ہے ان میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 16 ستمبر سے 19 ستمبر کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ادھر سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے کہ کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ عوام، مسافروں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے اور کمزور یا خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے اور کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔