بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی حکومت ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں انٹیلیجنس کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پروپیگنڈے، جھوٹے دعوؤں اور جعلی فتوحات کا سہارا لے رہی ہے۔ مودی سرکار اپنی سیاسی بقا کے لیے فوجی ناکامیوں کو ایک کامیاب بیانیے میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
مودی نے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا کہ ’ آپریشن سندور‘ میں پورے ملک نے بھارتی فوج پر فخر کیا اور ’میڈ ان انڈیا ‘ ہتھیاروں نے اہم کردار ادا کیا‘۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیان دراصل بھارتی جنگی صلاحیت کی کمزوری کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے، اور’میڈ ان انڈیا ‘ ہتھیاروں کا ڈھنڈورا صرف جھوٹے دعوؤں تک محدود ہے۔
ذرائع کے مطابق، مودی سرکار ’آپریشن سندور‘ میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے بھارتی عوام کو آگاہ کرنے کے بجائے، غلط معلومات اور قومی جذبات کو بھڑکانے میں مصروف ہے۔ یہ بیانیہ دراصل بھارتی فوج کی ہزیمت اور کمزوری کا واضح اعتراف ہے، جسے مودی اپنی سیاسی مہم کا ہتھیار بنا چکے ہیں۔
فوجی طاقت کا بیانیہ مودی کی سیاسی ہوس اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔ مودی نہ صرف بھارتی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں بلکہ خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کی ناکامیوں نے بھارتی عسکری برتری کے تمام کھوکھلے دعوؤں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کے برعکس، پاکستانی افواج نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کر کے بھارت کے فوجی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔
مودی سرکار کے اس جارحانہ اور جھوٹ پر مبنی بیانیے کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے، مبصرین عالمی برادری سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ بھارت کی جنگی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔