اسلام آباد پولیس نے رانگ وے ڈرائیونگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایون کے مطابق ایسی خلاف ورزی پر صرف چالان نہیں بلکہ ایف آئی آر، گرفتاری اور گاڑی ضبطی کی کارروائی ہوگی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر پہلے ہی ہزاروں شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایون نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شہر میں رانگ وے ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ڈرائیوروں کا صرف چالان نہیں ہوگا بلکہ اسے ایک جرم سمجھ کر پرچہ دیا جائے گا اور ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی ضبط کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، 35 ہزار موٹرسائیکل سواروں کا چالان
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ہمیں شہریوں کی جان و مال کی پرواہ ہے، رانگ وے پر چلنے والی گاڑی ‘قتل کرنے والا اسلحہ’ ہے، شہری قوانین کا خیال رکھیں، اگر نہیں قوانین کی خلاف ورزی کی جائے گی تو ہمیں قانون لاگو کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس مہم کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر ہزاروں شہریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ غیر قانونی پارکنگ کے باعث 1 لاکھ 382 گاڑیاں روڈ سے ہٹا کر قانونی کارروائی کی گئی۔ اسی طرح 35 ہزار 81 موٹر سائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر چالان جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق لین وائلیشن پر 26 ہزار 367، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 23 ہزار 529 اور رانگ وے ڈرائیونگ پر 23 ہزار 730 کارروائیاں کی گئیں۔ فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال پر 40 ہزار 721، جبکہ اوور لوڈنگ پر 30 ہزار 415 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔