یوٹیوب نے اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے جدید جنریٹیو اے آئی ٹولز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں وی او 3 فاسٹ، ساکت تصاویر کو متحرک بنانے، اور ری مکس ٹول شامل ہیں۔ یہ فیچرز امریکا، برطانیہ سمیت پانچ ممالک میں متعارف کرائے گئے ہیں۔
یوٹیوب نے اپنی شارٹس ویڈیو پلیٹ فارم کے لیے تخلیق کاروں کو بااختیار بنانے کے لیے نئی جنریٹیو مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹولز کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان منگل کو منعقد ہونے والے یوٹیوب کے ’میڈ آن یوٹیوب‘ ایونٹ کے دوران کیا گیا۔
نمایاں فیچرز میں گوگل کے ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ماڈل کا کسٹم ورژن ‘وی او 3 فاسٹ‘ شامل ہے، جو صارفین کو 480 پکسل ریزولوشن پر ویڈیوز بنانے کی، وہ بھی کم تاخیر کے ساتھ سہولت دیتا ہے، ۔ یہ پہلی بار ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے آواز کے ساتھ ویڈیو کلپس تیار کیے جا سکتے ہیں۔
یہ فیچرز فی الحال امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعارف کروائے جا رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں انہیں مزید علاقوں تک وسعت دینے کا ارادہ ہے۔
‘وی او 3 فاسٹ‘ کی مدد سے اب شارٹس میں کئی تخلیقی فنکشنز شامل کیے گئے ہیں، جیسے کہ ساکت تصاویر کو متحرک بنانا، جس کے ذریعے کسی ویڈیو سے موومنٹ حاصل کر کے اسے کسی دوسری تصویر یا کردار پر لاگو کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، کریئیٹرز اپنی ویڈیوز پر پاپ آرٹ یا اوریگامی جیسے آرٹسٹک اسٹائلز اپلائی کر سکتے ہیں اور ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے کردار یا پروپس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
یوٹیوب نے ایک نیا ری مکس ٹول بھی متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو کسی بھی موزوں ویڈیو کے ڈائیلاگ کو شارٹس کے لیے ساؤنڈ ٹریک میں تبدیل کرنے کی سہولت دیتا ہے، تاکہ موجودہ مواد کو نئے انداز میں پیش کیا جا سکے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ تمام فیچرز آنے والے مہینوں میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جو کہ پلیٹ فارم کی جانب سے تخلیق کاروں کے لیے ’اے آئی‘ کے ذریعے اختراعی مواقع فراہم کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔