سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی رات ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ( آئی بی او) کے دوران بھارتی پراکسی گروپ ’فتنہ الہند‘ سے تعلق رکھنے والے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے ) کے 5 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی معتبر انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد موجود ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فورسز نے خوارج دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ’5 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا‘۔
اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشتگردوں کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں‘۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے والی ہر قوت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔