پاکستان کے لیے ایک اور عالمی اعزاز، کراچی کے علاقے ملیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان باڈی بلڈر شہروز خان نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں منعقدہ مسٹر یونیورس باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کے 70 پلس کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔
شہروز نے دنیا بھر سے آئے ہوئے باصلاحیت حریفوں کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور پاکستانی پرچم عالمی سطح پر بلند کیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر ہیرو کا استقبال
شہروز خان کی وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر ان کا ہیرو جیسا استقبال کیا گیا، جہاں اہل خانہ، مداحوں اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شاریق جمال نے پھولوں کے ہار اور قومی پرچم کے ساتھ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز خان نے کہا کہ ’میں اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ بیرون ملک گولڈ میڈل جیتنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کے پیچھے سخت ڈائیٹ، مشکل ٹریننگ اور میرے کوچ اور فیملی کی دعائیں ہیں‘۔
حکومتی سرپرستی کا مطالبہ
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی شاریق جمال نے شہروز کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے تاکہ حکومت شہروز کو مالی تعاون اور سرکاری سطح پر پذیرائی فراہم کرے۔’ایسے نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے‘۔
باڈی بلڈنگ کے فروغ کے لیے مطالبات
شہروز کی کامیابی کے بعد کھیلوں کے حلقوں اور باڈی بلڈنگ سے وابستہ افراد نے حکومت سے بہتر سہولیات، اسپانسرشپ اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پاکستان کے نوجوان بھی دنیا کے بڑے اسٹیج پر اپنا لوہا منوا سکیں۔