یونیورسٹی آف لاہور نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبہ کے لیے شاندار اسکالرشپ پروگرام متعارف کروا دیا
یونیورسٹی آف لاہور نے اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی امتحانات میں 90 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو مکمل اسکالرشپ پر داخلہ فراہم کرے گی۔
اس اسکالرشپ کے تحت مستحق طلبہ کو فیس سے مکمل استثنیٰ دیا جائے گا اور یہ سہولت یونیورسٹی کے تمام بیچلر ڈگری پروگرامز میں دستیاب ہوگی۔
بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اویس رؤف کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی چاہتی ہے کہ پاکستان کے ذہین طلبہ اپنی توانائیاں تعلیمی ترقی پر صرف کریں اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔
یہ اسکالرشپ سائنس، تخلیقی فنون، سماجی علوم، مینجمنٹ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سمیت کئی اہم شعبوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ شعبے پاکستان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر منتخب کیے گئے ہیں تاکہ ایسے ماہرین تیار کیے جا سکیں جو صحت، ٹیکنالوجی اور اختراع میں ملک کو نئی بلندیوں تک لے جائیں اور اسے عالمی مقابلے میں مضبوط مقام دلا سکیں۔