پاکستان تحریک انصاف کا “مشن نور” بری طرح ناکام ہوگیا۔ مقررہ وقت گزرنے کے باوجود ملک کے کسی بھی علاقے میں شہری اپنے گھروں کی چھتوں پر اذان دینے کے لیے نہیں نکلے۔ عوامی سطح پر عدم دلچسپی کے بعد پارٹی نے سوشل میڈیا پر اے آئی سے بنائی گئی ویڈیوز شیئر کرنے پر مجبور ہو گئی ہے تاکہ مہم کو کسی حد تک زندہ رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان سمیت متعدد رہنماؤں نے پہلے ہی اس مہم سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی کے دیگر اہم رہنما، جن میں خالد خورشید اور حلیم عادل شیخ بھی شامل ہیں، مشن نور کے حوالے سے اختلافی بیانات دے چکے ہیں جس سے پارٹی کے اندرونی اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق “مشن نور” کی ناکامی تحریک انصاف کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ یہ مہم کارکنان کی سطح پر شروع کی گئی تھی اور قیادت کے بغیر اسے عوامی حمایت دلوانے کی کوشش کی گئی، تاہم عوام اور علما دونوں نے اسے قبول نہیں کیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مذہب کارڈ کے استعمال سے وقتی فائدہ تو ممکن ہے لیکن اس سے پارٹی کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھ سکتے ہیں۔