وزیراعظم شہباز شریف کل امریکا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس موقع پر وہ اسلامی ممالک کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے دیگر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
شہباز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی امن، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خاتمے اور اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔ دورے کے دوران وہ سلامتی کونسل، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کئی اعلیٰ سطح کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔
اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر اسلامی ممالک کے رہنما امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
ملاقات میں عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر بات چیت کی جائے گی،اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے معاملات اور سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔