نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹر وے سروس ایریاز میں ٹک شاپس پرکیش ڈراپ فراڈ کی شکایات پر سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے،
تفصیلات کے مطابق موٹر وے سروس ایریا میں ٹک شاپس پر کچھ دکاندار لین دین کے دوران کم رقم واپس کر کے یا دیگر بد عنوان سرگرمیوں میں ملوث ہو کر مسافروں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹر وے استعمال کرنے والوں کو مالی استحصال اور ٹک شاپس پر کسٹمرزکو ممکنہ فراڈ سے بچانے کے لیے سیکٹر M-2 ساؤتھ میں مہم شروع کی گئی ہے۔ اس اقدام میں کئی اقدامات شامل ہیں جن کا مقصد بیداری پیدا کرنا اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔
مہم کے ایک حصے کے طور پر، پینافلیکس بینرز سروس ایریاز پر لگائے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو ممکنہ گھپلوں کے بارے میں خبردار کیا جا سکے۔ موٹروے پولیس کے تعلیمی یونٹس سروس ایریا کی مساجد میں آگاہی سیشنز بھی منعقد کر رہے ہیں، جس میں عوام کو ان کے حقوق اور چوکس رہنے کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، مسافروں کو کیش ڈراپ فراڈ کے خطرات اور خود کو محفوظ رکھنے کے طریقوں کے بارے میں نامزد فلم پوائنٹس پر بریف کیا جا رہا ہے اور ٹک شاپس کی سخت مانیٹیرنگ بھی کی جارہی ہے۔