محکمہ موسمیات کے مطابق آج ( اتوار )کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض بالائی اور پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔.
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور اس کے اطراف میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی حصوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گرمی کی شدت کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔