وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن سے واپسی کے بعد نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، اس اہم موقع پر وزیراعظم عالمی سطح پر پاکستان کے موقف اور قومی ترجیحات کو اجاگر کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر میں کئی اہم موضوعات شامل ہوں گے وہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں گے اور عالمی برادری کے سامنے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں گے، علاوہ ازیں وزیراعظم دہشت گردی، انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خطرات پر بھی روشنی ڈالیں گے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسی اور موقف واضح ہو۔
ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر بھی وزیراعظم کا فوکس اہم ہوگا، جہاں وہ پاکستان پر اس کے تباہ کن اثرات اور اس کے تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بات کریں گے، پاکستان کی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں اور وزیراعظم اس موقع پر بین الاقوامی سطح پر ان اقدامات کو اجاگر کریں گے۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کی کوششوں، غزہ میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی، اور مسئلہ فلسطین کے پرامن حل سے متعلق پاکستان کے موقف کو بھی واضح کریں گے۔
وہ عالمی رہنماؤں کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ مسئلہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے حل کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔