پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حارث رؤف پر آئی سی سی کی جانب سے عائد جرمانے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی مکمل کرنے کے بعد بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا، جبکہ حارث رؤف نے وکٹ لینے اور باؤنڈری کے قریب بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کے جواب میں طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔
پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز نے دونوں کرکٹرز کے انداز کو ناپسند کرتے ہوئے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی۔ بعد ازاں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری کے سامنے پیش ہوئے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو صرف وارننگ دی گئی۔
پی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق بورڈ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ حارث رؤف کو تماشائیوں کی طرف اشارہ کرنے پر یا بھارتی کھلاڑی کے خلاف جارحیت دکھانے پر جرمانہ کیا گیا ہے، تاہم پی سی بی کا مؤقف ہے کہ دونوں میں سے کوئی بھی عمل خلافِ ضابطہ نہیں۔