ایشیا کپ 2025 اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور شائقین کرکٹ آج 28 ستمبر کو ہونے والے تاریخی فائنل کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ جہاں میدان میں سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے وہاں ہی اس سال کی ریکارڈ انعامی رقم نے بھی اس ٹورنامنٹ کو خاص اہمیت دے دی ہے۔
2.6 کروڑ روپے کی انعامی رقم چیمپیئن کے لیے
ایشیائی کرکٹ کونسل کے مطابق 2025 کے ایڈیشن کے فاتح کو 2.6 کروڑ روپے تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر) انعام دیا جائے گا، جو 2022 کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ اس سے ٹورنامنٹ کی بڑھتی ہوئی تجارتی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
رنر اپ ٹیم کو بھی بھاری انعام
دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 1.3 کروڑ روپے تقریباً 1.5 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے تاکہ دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو ان کی محنت اور کارکردگی کا مناسب صلہ مل سکے۔
پلیئر آف دی سیریز کے لیے 12.5 لاکھ روپے
ٹورنامنٹ میں بہترین انفرادی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو ’پلیئر آف دی سیریز‘ کا ایوارڈ دیا جائے گا، جس کی انعامی رقم 12.5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف کھلاڑی کی مہارت کا اعتراف ہوگا بلکہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی تحریک فراہم کرے گا۔
فائنل کی عالمی نشریات، ریکارڈ ناظرین کی توقع
دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین اس بڑے فائنل کو مختلف اسپورٹس چینلز اور آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔ ایشیائی کرکٹ کونسل کو امید ہے کہ اس بار ریکارڈ ناظرین اس ایونٹ کو دیکھیں گے، جو براعظم ایشیا میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہوگا۔
’فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کا بے چینی سے انتظار ہے‘، محسن نقوی
صدر ایشین کرکٹ کونسل اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فائنل سے قبل اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’میں ایشیا کپ کے ایک شاندار فائنل کا منتظر ہوں۔ کرکٹرز نے شاندار مہارت اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس نے ٹورنامنٹ کو یادگار بنا دیا ہے‘۔
انہوں نے شائقین کے جنون اور ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ایشیائی کرکٹ کی ترقی کا عکاس ہے۔