محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والا طوفانی نظام اب بحیرہ عرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جو زیریں سندھ اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔ اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور 29 اور 30 ستمبر کو تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، سجاول اور سانگھڑ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں شدید گرمی کے بعد 30 ستمبر کو دوپہر یا شام میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر، منگل اور بدھ کو بھی شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
موسم خشک اور گرم
لاہور سمیت مختلف شہروں میں اتوار کو موسم گرم اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں اور آسمان صاف رہے گا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور نمی کا تناسب 75 فیصد تک رہے گا۔
کراچی میں اتوار کو بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ ہواؤں کی کم رفتار کی وجہ سے شہر قائد میں حبس کی کیفیت ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ویتنام میں سمندری طوفان
دوسری جانب، ویتنام میں سمندری طوفان ‘بوالوئی’ کے خطرے کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام میں 4 ایئرپورٹس بند کیے گئے، کئی پروازیں معطل کی گئیں اور حکام نے اڑھائی لاکھ افراد کے انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اب تک 15 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ یہ طوفان فلپائن میں 12 افراد کی جان لے چکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور تازہ ترین موسمی اطلاعات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔