اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع سوات میں انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے خلاف کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کردی

اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع سوات میں انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے خلاف کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کردی

پشاور: خیبرپختونخوا انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے خلاف مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات سامنے آگئے ہیں۔

ان الزامات میں فیول اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس کے قیام کے خواہشمند حضرات سے بھاری رقوم لینے، این او سی یا کسی قسم کی قانونی دستاویز جاری نہ کرنے اور خطیر رقم کو بغیر ریکارڈ ظاہر کیے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن نے بھی کئی این او سیز جاری کرنے پر انکوائری شروع کردی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے این او سی یا دیگر دستاویز جاری نہ کرنے کے باوجود پیٹرول پمپس اور فیول اسٹیشنز کی مد میں پیسے لینے کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل ای پی اے سے وضاحت طلب کرنے کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کن پیٹرول پمپس یا آٹو ری فیولنگ اسٹیشنز کو خطوط جاری کیے گئے، وصول شدہ رقوم کس مد میں اور کس اکاؤنٹ میں جمع ہوئیں، اور ان کے متعلق رسیدیں کہاں ہیں۔ ای پی اے کو سات دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

موجود دستاویزات کے مطابق دوسری جانب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملاکنڈ ڈویژن میں جاری ہونے والے این او سیز کا نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

موجود دستاویزات کے مطابق دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ای پی اے سوات میں تعینات ای پی اے اہلکاروں پرمبینہ طور پر غیر قانونی این او سیز جاری کرنے، بھاری رشوت وصول کرنے اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن نے ای پی اے سے مکمل ریکارڈ طلب کیا ہے، جس میں تمام این او سیز، متعلقہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشنز، قانونی منظوریوں، عدالتی فیصلوں اور دیگر دستاویزات شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن کے جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر درست اور مصدقہ ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ریکارڈ میں کسی قسم کی غلط بیانی یا حقائق چھپانے پر بھی سخت قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ای پی اے ڈپٹی کمشنر کے مراسلے پر خاموشی اختیار کرلی ہے جبکہ اینٹی کرپشن کی انکوائری جاری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *