حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر امپورٹڈ گاڑیوں پر یکم اکتوبر سے سخت شرائط لاگو کردی گئیں جس کے بعد ملک میں گاڑیوں کے سیفٹی اور کوالٹی اسٹینڈرڈز 17 سے بڑھا کر 62 کر دیے ہیں۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئے قواعد یکم اکتوبر 2025 سے امپورٹڈ گاڑیوں پر نافذ ہوں گے جبکہ مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر یہ قوانین مرحلہ وار لاگو کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چھوٹی گاڑیوں، کمرشل گاڑیوں اور بڑی گاڑیوں کو لازمی طور پر 62 معیار پر پورا اترنا ہوگا۔ امپورٹڈ گاڑیوں پر 62 کوالٹی اور سیفٹی اسٹینڈرڈز یکم اکتوبر 2025 سے لاگو ہوں گے، جبکہ مقامی تیار گاڑیوں پر 6 نئے اسٹینڈرڈز یکم جولائی 2026 سے نافذ کیے جائیں گے۔
وزارت صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ تمام امپورٹڈ گاڑیوں کے لیے ماحول، سیفٹی، معیار اور ٹیسٹنگ کے انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اب صرف کمرشل امپورٹرز ہی گاڑی امپورٹ کر سکے گا، جاپان سےگاڑی کی امپورٹ سے پہلے جاپان آٹو میٹو اپریزل انسٹیٹیوٹ کا سرٹیفکیشن چاہیے ہوگا اور جاپان سےامپورٹ گاڑی کیلئے جاپان ایکسپورٹ وہیکل انسپیکشن سینٹر سے سرٹیفکیٹ چاہیے ہوگا۔
کوریا سے گاڑی کی امپورٹ کے لیے کورین ٹیسٹنگ لیبارٹری کا سرٹیفکیٹ چاہیے ہوگا، چین سے گاڑی امپورٹ کیلئے چائنہ آٹومیٹو انجینئرنگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا سرٹیفکیٹ چاہیے ہوگا۔