ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف ہینڈ شیک تنازع کے حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ اگلے میچ میں پاکستان کے ساتھ کیا ہوگا، لیکن وہ اس لمحے کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ کپتان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستان کو کمزور حریف قرار دینے والے اپنے بیان پر پچھتا رہے ہیں تو انہوں نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ’’بالکل نہیں! اگر یہ فائنل ہوتا تو سخت مقابلہ ہوتا، کیونکہ فائنل ایک خاص موقع ہوتا ہے۔‘‘
سوریا کمار یادو نے مزید کہا کہ ’’لوگ کہتے ہیں یہ بس ایک میچ ہے، لیکن فائنل تو فائنل ہوتا ہے۔ یہ ناک آؤٹ گیم ہے اور اس کے لیے بہت محنت کی جاتی ہے۔ دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا کہ میں نے کچھ غلط کہا ہو۔ میں اپنی ٹیم کو دیکھتا ہوں، چاہے وہ پریکٹس کر رہے ہوں یا میچ کھیل رہے ہوں، ان کی صلاحیت سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ ہر صورتحال میں کھیل سکتے ہیں۔ اسی بنیاد پر میں نے وہ بات کہی تھی۔‘‘
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو سخت حریف نہیں سمجھتے۔ اس بیان پر خاصی تنقید ہوئی تھی، جبکہ میچ کے بعد پاکستانی کپتان سلمان آغاز سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر بھارتی کپتان کو مزید سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔