پاکستانی قونصلیٹ دبئی نے متحدہ عرب امارات میں مقیم محنت کشوں کے لیے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کے قانونی حقوق اور فرائض کو واضح کیا گیا ہے،اس ویڈیو میں ملازمت کے بنیادی اصول جیسے کہ تنخواہوں کی ادائیگی،رخصت کے ضوابط، گریجویٹی، اوور ٹائم، استعفے کا طریقۂ کار اور ورک پلیس پر اخلاقی رویے کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
محنت کشوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ صرف اسی وقت نوکری شروع کریں جب ان کے پاس درست ورک پرمٹ موجود ہو جس کی فیس اور دیگر اخراجات کفیل یا آجر کے ذمے ہوتے ہیں۔مزید یہ کہ یو اے ای کا ویزا حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ کے کور پیج کی کاپی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کنٹریکٹ اور پروبیشن
امارات میں نوکری کا معاہدہ عام طور پر دو سال کا ہوتا ہے اور دونوں فریقوں کے دستخط ضروری ہیں، پروبیشن کی مدت زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک ہو سکتی ہے۔ اس دوران اگر آجر ملازمت ختم کرے تو 14 دن پہلے اطلاع دینا لازمی ہے، جبکہ ملازم کے لیے 30 دن کا نوٹس دینا ضروری ہے، نوٹس کے بغیر ملازمت چھوڑنے کی صورت میں ایک سال تک دوبارہ ملازمت پر پابندی لگ سکتی ہے۔
کام کے اوقات اور اوور ٹائم
یومیہ کام کے گھنٹے آٹھ اور ہفتہ وار 48 مقرر ہیں، پانچ گھنٹے بعد وقفہ دینا ضروری ہے، رمضان میں کام کی مدت چھ گھنٹے ہوگی اوور ٹائم پر 25 فیصد اضافی معاوضہ ملے گا جبکہ چھٹی کے دن یا رات کے وقت کام کرنے پر 50 فیصد زیادہ اجرت دی جائے گی۔
تنخواہیں اور رخصتیں
تنخواہیں وقت پر اور بہتر ہے کہ براہِ راست بینک اکاؤنٹ میں ادا کی جائیں، ملازمین کو سالانہ 30 دن کی چھٹی، بیماری کی صورت میں 90 دن تک رخصت، زچگی پر 60 دن، پدری رخصت 5 دن اور وفات کی صورت میں 3 سے 5 دن تک تعزیتی رخصت ملتی ہے۔
گریجویٹی
ایک سے پانچ سال تک کام کرنے والوں کو ہر سال کے بدلے 21 دن کی تنخواہ اور پانچ سال سے زیادہ سروس والے ملازمین کو ہر سال کے بدلے 30 دن کی تنخواہ بطور گریجویٹی دی جائے گی، ایک سال سے کم کام کرنے والوں کو گریجویٹی نہیں ملے گی۔
استعفیٰ کے اصول
ملازم کے لیے استعفیٰ دینے سے قبل نوٹس دینا لازمی ہے تاہم اگر تنخواہ نہ دی جائے یا کام کی جگہ غیر محفوظ ہو تو وہ فوری استعفیٰ دے سکتا ہے۔
آجر کی ذمہ داریاں
پاسپورٹ اپنے قبضے میں رکھنا قانوناً ممنوع ہے آجر پر لازم ہے کہ وہ صحت انشورنس، رہائش اور بلیو کالر ملازمین کو واپسی کا ٹکٹ فراہم کرے۔
ملازمین کی ذمہ داریاں
محنت کشوں پر لازم ہے کہ وہ ایمانداری اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کریں بغیر اجازت دوسرے آجر کے پاس ملازمت کرنا سختی سے منع ہے۔
شکایات کے حل کا طریقہ
تنخواہوں، گریجویٹی یا پاسپورٹ سے متعلق مسائل کی صورت میں ملازمین تسهیل سینٹر سے رجوع کر سکتے ہیں پہلے یہ شکایت وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے پاس جائے گی اور اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔