پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اینٹی اسموگ گن ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے ،رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں یہ جدید مشینیں فضا میں پانی کے باریک ذرات چھڑک کر دھول، آلودگی کم کرنے کا کام کریں گی جس کا فائدہ شہریوں کو ہوگا اور بیماریاں کم کرنے میں مدد ملے گی ۔
صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لاہور کے کئی علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز فعال کردی گئی ہیں جبکہ ان کی کارکردگی کو اے آئی سے جڑے ماحولیاتی نظام کے ذریعے بھی پرکھا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشینری کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
یہ مشینیں پانی کو دھند کی صورت میں فضا میں پھیلاتی ہیں جو آلودگی کے ذرات کو جذب کرکے ہوا کو نسبتاً صاف بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، چین، بھارت اور کئی دیگر ممالک میں بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق اب تک مقامی سطح پر 15 اینٹی اسموگ گنز تیار کرلی گئی ہیں جبکہ مزید پانچ گنز تیار ہونے کے مراحل میں ہیں، ہر گن کو 16 ہزارلٹر گنجائش والے پانی کے ٹینک سے جوڑا گیا ہے اور ان کے ساتھ پانی صاف کرنے کا نظام بھی منسلک ہے، ان کے مطابق یہ اقدامات شہریوں میں سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں کمی لانے میں مدد دیں گے۔