تجزیہ کار جبار چوہدری نے آزاد پوڈکاسٹ میں بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کا جغرافیہ بدلنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت فوج کا “آپریشن سندور” میں اتنا ہی کردار تھا کہ ہر مورچے پر سفید پرچم لہرا کر پاک فوج سے امن کی بھیک مانگ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جغرافیہ بدلنے کی بات بھارت کے اپنے لیے بن رہی ہے جبکہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال کے تسلسل میں سامنے آئی ہے۔
جبار چوہدری نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج بھی بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بعد شروع ہوا اور یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے حق میں مسلسل ٹویٹس کیے جا رہے ہیں، جو محض اتفاق نہیں بلکہ پاکستان کی حالیہ بین الاقوامی کامیابیوں پر بھارت کی تکلیف کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج بھی بھارت کی سازشوں کی ایک کڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اداروں کی جانب سے نہ صرف احتجاج کے حق میں بیانات دیے جا رہے ہیں بلکہ عوام کو مزید ورغلانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں، جو واضح طور پر اس بات کا ثبوت ہے کہ اس احتجاج کے ڈور بھارت سے ہلائے جا رہے ہیں۔