وفاقی کابینہ نے سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی صارفین کے لیے 10.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کے اگست 2025 کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کر دیے گئے ہیں۔ جن صارفین نے یہ بل پہلے ہی ادا کر دیا تھا انہیں آئندہ بلوں میں ریفنڈ فراہم کیا جائے گا۔
کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کے بل معاف نہیں کیے جائیں گے، تاہم ان کے اگست 2025 کے بل دسمبر 2025 سے جون 2026 تک سات ماہ کی قسطوں میں وصول کیے جائیں گے تاکہ کاروباری طبقے اور کسانوں کو سہولت دی جا سکے۔
کابینہ نے سینٹرل پاور پرچیزنگ کے لیے 10.8 ارب روپے بطور سبسڈی جاری کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس رقم میں 10.4 ارب روپے گھریلو صارفین کے بل معاف کرنے کے لیے جبکہ 46 کروڑ روپے موخر ادائیگیوں کے اثرات پورے کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔