خلیجی ممالک کا 2120 کلومیٹر طویل ریل نیٹ ورک دسمبر 2030 تک مکمل کر لیا جائے گا جو چھ تمام خلیجی ممالک کو کویت سے عمان تک جوڑ دے گا۔
گلف ریلوے اتھارٹی کے سینئر حکام کے مطابق منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کے بعد مسافر بغیر کسی سرحدی رکاوٹ کے پورے خطے میں سفر کر سکیں گے۔ ریلوے لائن سعودی عرب، بحرین اور قطر سے گزرتی ہوئی متحدہ عرب امارات کے اتحاد ریلوے نیٹ ورک سے جڑ جائے گی اور آخر میں عمانی دارالحکومت مسقط پہنچے گی۔
جی سی سی ریلوے اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام دنیا کے بہترین سفری ماڈلز کے مطابق ہے۔ حکام نے بتایا کہ امارات اور عمان کو ملانے والے “حفیط ریل پراجیکٹ” پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے جو آئندہ تین سالوں میں مکمل ہوگا۔
ریلوے نیٹ ورک کا مقصد صرف مسافروں کی سہولت نہیں بلکہ مال برداری کے نظام کو بھی جدید بنانا ہے۔ ایک مال بردار ٹرین 15 ہزار ٹن وزن لے سکے گی جو 130 ٹرکوں کے برابر ہوگا۔ فی الحال یہ ٹرینیں ڈیزل پر چلیں گی تاہم مستقبل میں انہیں برقی ٹرینوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت مزید مضبوط ہوں گے جبکہ طویل المدتی بنیادوں پر یہ ریلوے نیٹ ورک خطے کو دنیا کے دیگر حصوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔