پاکستان کا صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کا خیرمقدم، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

پاکستان کا صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کا خیرمقدم، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کے خاتمے کا ایک اہم موقع قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق 21 نکاتی منصوبہ پیش کردیا

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو فوری طور پر اپنے حملے بند کرنے چاہئیں اور غزہ کے محصور عوام تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ بیان میں اس موقع کو ایک قابل اعتماد سیاسی عمل کے آغاز کے لیے اہم قرار دیا گیا، جو خطے میں پائیدار امن کی طرف لے جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں امن کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہتا ہے اور مخلصانہ امید رکھتا ہے کہ یہ کوششیں ایک دیرپا جنگ بندی اور منصفانہ، جامع اور مستقل امن کے قیام کا باعث بنیں گی‘۔

پاکستان نے فلسطینی کاز کے لیے اپنی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان نے ایک خودمختار، قابلِ عمل اور مسلسل ریاستِ فلسطین کے قیام کی حمایت کی، جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو، جیسا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔

مزید پڑھیں:سلامتی کونسل میں پاکستان کا سخت ردعمل،غزہ پر اسرائیلی قبضے کا منصوبہ مسترد

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ’پاکستان اس عمل میں تعمیری اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا، جو اسلام آباد کے خطے میں امن کے لیے جاری عزم کی عکاسی کرتا ہے‘۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *