ایف بی آر نے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے نان فائلرز پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی ہے، ذرائع کے مطابق کمرشل بینک کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز کا مکمل ریکارڈ ایف بی آر کو فراہم کر رہے ہیں، جس کے بعد ان افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو ماہانہ دو لاکھ روپے سے زائد کی خریداری کرتے ہیں مگر انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس بار ٹیکس ریٹرن میں کریڈٹ کارڈ سے کی جانے والی خریداریوں کی تفصیلات دینا لازمی ہوگا۔
ادارے نے واضح کر دیا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر ہے اور اس ڈیڈ لائن میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، نادہندگان کو یاد دہانی کے لیے ایس ایم ایس بھی بھیجے جا رہے ہیں،حکام کے مطابق کریڈٹ کارڈ اخراجات کے ذریعے نان فائلرز کی اصل آمدن کا سراغ لگایا جائے گا۔
مقررہ تاریخ کے بعد آن لائن ادائیگیوں یا کاروباری لین دین کرنے والے نان فائلرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاکھوں روپے کے اخراجات کرنے والوں کو نوٹسز بھی جاری ہوں گے، ایف بی آر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں تمام بینکنگ ٹرانزیکشنز کی درست معلومات فراہم کرنا لازمی ہے۔