اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اب نئے بجلی کنکشن اور دوبارہ کنکشن کے لیے صارفین کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
یہ اقدام آئیسکو اور نادرا ٹیکنالوجیز کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے معاہدے کے بعد عمل میں آیا ہے،کمپنی کے مطابق نیا بائیومیٹرک نظام غیر قانونی اور جعلی کنکشنز کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور اس سے صارفین کی شناخت کی درستگی یقینی بنائی جائے گی۔
بائیومیٹرک تصدیق سے صارفین کے تازہ ترین ریکارڈ تک رسائی ممکن ہوگی جس سے ادائیگی کی تاریخوں اور بقایاجات کے ٹریکنگ کے عمل میں بھی آسانی آئے گی۔
نئے نظام کے تحت بقایاجات ادا نہ کرنے والے صارفین نئے کنکشن حاصل نہیں کر سکیں گے،آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر چوہدری خالد محمود نے دستخط کی تقریب میں کہا کہ کمپنی صارف دوست اقدامات اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کسٹمر سروس کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔