سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سیرین ایئر کی کمرشل پروازوں کو معطل کر دیا، جس کی وجہ بیڑے میں موجود طیاروں کو پرواز کے قابل رکھنے میں ناکام بتائی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سی اے اے نے اس بات پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا کہ ایئرلائن ’مقررہ کم از کم فلیٹ سائز‘ کی دیکھ بھال کے لیے ضروری ضوابط کی تعمیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’سیرین ایئر کے پاس فی الحال آپریشنز کے لیے کوئی بھی قابلِ پرواز طیارہ موجود نہیں ہے، جس کے باعث وہ محفوظ فضائی آپریشنز کے لیے درکار صلاحیت کو برقرار رکھنے سے قاصر ہے جیسا کہ پی سی اے اے کے قواعد و ضوابط میں بیان کیا گیا ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’لہٰذا سیرین ایئر کو جاری کردہ ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے، اس کے مطابق آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ مذکورہ سرٹیفکیٹس کو ضروری اندراج کے لیے فوراً دستخط کنندہ کے حوالے کریں۔‘