پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بی یو آئی ٹی ای ایم ایس) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبا و طالبات سے ایک انٹریکٹو سیشن میں شرکت کی اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، کارکردگی اور قومی سلامتی میں کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
یونیورسٹی میں نشست کے دوران طلبا نے پاک فوج کے کردار، خدمات اور مختلف قومی چیلنجز سے نمٹنے میں اس کی حکمت عملی سے متعلق سوالات کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کھل کر اور تفصیل سے جوابات دیے۔ سیشن میں ملک میں امن و استحکام، دہشتگردی کے خلاف جنگ، بلوچستان کی ترقی میں پاک فوج کا کردار اور نوجوانوں کے لیے مواقع جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔
طلبا اور فیکلٹی کا مثبت ردعمل
فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے اس سیشن کو نہایت خوش آئند قرار دیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ ایسے سیشنز سے نہ صرف نوجوانوں کے ابہامات دور ہوتے ہیں بلکہ ان میں ملکی سلامتی، اتحاد اور ترقی کے حوالے سے شعور اور آگاہی بھی بڑھتی ہے۔
ایک طالبعلم نے کہا کہ’آج کے انٹریکٹو سیشن میں ہمارے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے اور بہت سارے ابہام دور کیے گئے۔ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان میں ایسے سیشنز مزید منعقد ہوں تاکہ یوتھ کی آگاہی میں اضافہ ہو‘۔
پاک فوج کو خراج تحسین
طلبا نے معرکۂ حق میں پاک فوج کی کامیابیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے، قربانیوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کو سراہا۔
مستقبل کی خواہش
یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے درخواست کی کہ ایسے سیشنز کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ نوجوان نسل کو پاکستان کے دفاع، ترقیاتی اقدامات، اور قومی بیانیے سے مربوط رکھا جا سکے۔
یہ دورہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کے خیالات و سوالات کو براہ راست سننے کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو پاک فوج کے عوامی روابط کی پالیسی کا عملی مظہر ہے۔