لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ٹک ٹاک لائیو فیچر اور فیملی ولاگنگ کےخلاف درخواست پراداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ نے ٹک ٹاک لائیوفیچر اور فیملی ولاگنگ کیخلاف درخواست پرمتعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔ شہری حنا فاطمہ نے وکیل چوہدری رضوان الٰہی کے ذریعے دائر کی جس میں ٹک ٹاک کے لائیوفیچر اور گفٹنگ سسٹم پر مکمل پابندی یاسخت ریگولیشن کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ٹک ٹاک پر فیملی ولاگنگ اسلامی اور آئینی اقدار کی خلاف ورزی ہے، ٹک ٹاک نوجوان نسل خصوصاً کمسن لڑکیوں کےمستقبل کی تباہی کا باعث بن رہا ہے، سوشل میڈیا اسلامی و معاشرتی اقدار اور ملکی سلامتی کےلیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کے ذریعے فحاشی، اخلاقی بگاڑ اور معاشرتی انتشار فروغ پارہا ہے۔ لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے درخواست پر ایف آئی اے، پی ٹی اے اور وزارت داخلہ سےفوری جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے پاکستانی صارفین کا ڈیٹا غیر ملکی کمپنیوں کے پاس منتقل ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے درخواست منظور کرکے کیس کی باقاعدہ سماعت 15 اکتوبر کو مقرر کردی اور لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس ملک محمد اویس خالد نے حکم نامہ جاری کردیا۔