ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش ہوئی۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، میٹروول، بلدیہ ٹاؤن اور بفر زون میں بادل برسے۔ بارش ہوتے ہی نارتھ ناظم آباد بلاک جی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ابر رحمت برس پڑا۔ ٹاؤن شپ، جوہرٹاؤن، لینک روڈ، ماڈل ٹاؤن فیروز پور روڈ سمیت پیکو موڑ، پنڈی اسٹاپ، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ اور اکبر چوک کے اطراف بادل برسے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنےکا امکان ظاہر کردیا۔
لاہور کے ساتھ ساتھ ملتان، فیصل آباد اور جھنگ میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ لودھراں میں موسلادھار بارش سے شہر کی مختلف سڑکیں زیر آب آگئیں، بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں کی بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔
پاکپتن اور کمالیہ میں گرج چمک کے ساتھ بادل جم کر برسے جبکہ چیچہ وطنی میں بارش کے دوران شہری اور دیہی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور کبیر والا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھاربارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، چارسدہ میں شبقدر اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی۔ مانسہرہ اور مظفرآباد میں بھی رات گئے موسلادھاربارش ہوئی۔