ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان کے افغانستان کے خلاف ہوم میچ کئی مشکلات سے دوچار ہوگیا۔
اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کے لیے پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کےد رمیان میچ 9 اکتوبر کو اسلام آباد میں شیڈول ہے۔
پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت کے لیے افغان ٹیم کو ویزے بھی جاری نہیں ہو سکے ہیں، کابل میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ویزوں کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو تاحال فیفا کے باضابطہ فنڈز جاری نہیں ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹیم میں شامل اوورسیز پلیئرز کو لانے میں مشکلات ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایف ایف نے مالی مسائل کی وجہ سے 13 کے بجائے صرف 5 اوورسیز پلیئرز کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں حارث زیب، میکائیل عبداللّٰہ، اعتزاز حسین، عبداللّٰہ اقبال اور اوٹس خان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف دیگر اوور سیز پلیئرز کو فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ٹکٹ دینے سے قاصر ہے، دوسری طرف فیفا نے فنڈز کا اجراء گزشتہ 2 سال کی آڈٹ رپورٹ سے مشروط کر دیا ہے۔