ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے یو ایس پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی وظائف( فل فنڈڈ سکالرشپ) کا اعلان کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت اہل پاکستانی اسکالرز کو دنیا کی صفِ اوّل کی ان جامعات میں داخلے کا موقع دیا جائے گا جو عالمی کیو ایس رینکنگ میں 300 بہترین امریکی یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔
یہ منصوبہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان علمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے انسانی وسائل کو جدید تحقیقی اور علمی میدانوں میں تربیت دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے پاکستانی اسکالرز نہ صرف جدید تحقیقی مہارتیں حاصل کریں گے بلکہ ملک کی سائنسی، تعلیمی اور تکنیکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپ دو زمروں پر مشتمل ہوں گے۔ پہلے زمرے میں دنیا کی ابتدائی 50 رینکنگ والی امریکی جامعات شامل ہیں جہاں منتخب طلبہ کو ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور صحت کی سہولتوں سمیت تمام اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔ دوسرے زمرے میں 51 سے 300 نمبر تک کی جامعات کے لیے طلبہ کو سالانہ بارہ ہزار امریکی ڈالر تک تعلیمی فیس، وظیفہ اور طبی سہولتوں کی مد میں امداد دی جائے گی۔
یہ پروگرام ایچ ای سی کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کے ذریعے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کو بین الاقوامی تحقیقی ماحول اور جدید علمی رجحانات سے روشناس کرایا جا رہا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بہار و گرمی 2026 کے داخلوں کے لیے 15 نومبر 2025 اور خزاں 2026 کے داخلوں کے لیے 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔
خواہشمند امیدوار اپنی درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں جبکہ مزید معلومات اور تازہ اپ ڈیٹس کے لیے امیدوار ایچ ای سی کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کریں۔