ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری کرنے والے محتاط ہوجائیں، کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) نے بڑا اعلان کرتے ہوئے خبردار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیشن نے اسلام آباد اور گردونواح میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی گمراہ کن تشہیر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن کے مارکیٹنگ انٹیلی جنس یونٹ نے مختلف سوسائٹیوں کے اشتہارات اور تشہیری مواد کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے، جس کے بعد انکوائری باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔
کمیشن کے ترجمان کے مطابق جھوٹے اور غلط دعوؤں میں ملوث ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے بھی شواہد اور شکایات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر ایکشن لیا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ کئی ہاؤسنگ سوسائٹیز اسلام آباد کے نام کا غلط استعمال کر رہی ہیں جبکہ سی ڈی اے وابستگی اور این او سی کے جھوٹے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔ اشتہارات میں جعلی تصاویر، ویڈیوز اور سہولیات کے غلط دعوے کیے جا رہے ہیں، حتیٰ کہ مشہور شخصیات کو بھی گمراہ کن تشہیر میں استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔