بھارت کی آبی جارحیت جاری، دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی کا نیا ریلاچھوڑ دیا

بھارت کی آبی جارحیت جاری، دریائے ستلج میں بغیر اطلاع  پانی کا نیا ریلاچھوڑ دیا

بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا اور دریائے ستلج میں بغیر اطلاع دیے پانی کا نیا ریلا چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قصور میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔

پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے باعث متعدد دیہاتوں کے زمینی راستے منقطع ہوگئے اور آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔ سیلابی پانی قصور کے دیہات حاکو والا، کالو واڑا، بھکی ونڈ الا اور جمعے والا میں داخل ہوگیا۔

سیلابی صورتحال کے باعث دھوپ سڑی، نگر ایمن پورہ، مستے کی گٹی اور کلنجر گاؤں کے راستے بھی بند ہوگئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کی سطح خطرناک حد 20 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن تاحال انتظامیہ کی جانب سے کوئی ریلیف اقدامات نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان کا سعودی عرب میں افرادی قوت کو دوگنا کرنے کا عزم

دوسری جانب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئندہ دو روز میں اس مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ اس وقت نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاؤ کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *