روس کی جانب سے چین، سعودی عرب اور ملائشیا کے شہریوں کے لیے جلد فری ویزا سہولت دینے کا اعلان کردیا گیا ۔
روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن کی قیادت میں سیاحت سے متعلق اجلاس ہوا جس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تینوں ملکوں کے لیے یہ اقدام مستقبل قریب میں شروع کیا جارہا ہے۔
چین نے روسی شہریوں کے لیے 15 ستمبر سے ایک سال کے لیے ویزا فری کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ روس نے جولائی میں سعودی عرب اور مارچ میں ملائشیا سے ویزا فری سہولت آخری مراحل میں ہونے کا بھی اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب اور روس دونوں ممالک کے تعلقات نسبتاً خوشگوار ہیں ، سعودی عرب کے وزیر خارجہ، شہزادہ فیصل بن فرحان، نے جولائی میں ماسکو کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران اُنہوں نے اور اُن کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے اعلان کیا تھا کہ روس، سعودی شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے پر کام کر رہا ہے۔
اس سے قبل چینی حکومت نے روسی شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت چین ویزا فری انٹری کے تحت اب روس کے شہری آزمائشی بنیادوں پر بغیر ویزا چین میں داخل ہو سکیں گے۔
روس کے اعلان کا مقصد بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینا اور ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔