پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی انٹری، گیارویں ایڈیشن کی متوقع تاریخ بھی سامنے آگئی

پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی انٹری، گیارویں ایڈیشن کی متوقع تاریخ بھی سامنے آگئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 11واں ایڈیشن اگلے سال پرمضان کے بعد اپریل اور مئی میں کرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، جس میں 2 نئی ٹیموں کا اضافہ بھی متوقع ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے اس مجوزہ شیڈول کا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ٹکراؤ ہونے کا قوی امکان ہے، جو 15 مارچ سے 31 مئی تک منعقد کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 10 ، فاتح لاہور قلندرز کو ٹائٹل جیتنے پر کتنا انعام ملا؟

رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ فرنچائزز اور پی سی بی کے درمیان اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہوئی اور کئی اہم معاملات ابھی تک حل طلب ہیں۔ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ اگلے سال کے اوائل میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے باعث پی ایس ایل کو فروری یا مارچ میں منعقد کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز طے ہے، جس کے بعد پاکستان بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا۔ پی ایس ایل اور ورلڈ کپ کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔ مزید یہ کہ بنگلادیش کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز اور زمبابوے کے خلاف بھی اسی نوعیت کی سیریز مئی کے بعد کھیلی جائے گی۔

پی سی بی ان تمام مصروفیات کے پیش نظر اپریل اور مئی میں پاکستان سپر لیگ منعقد کرنا چاہتا ہے، جس میں اس بار 2 نئی ٹیمیں شامل کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے، جس سے لیگ میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل10 فائنل : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست، ٹائٹل لاہور قلندرز نے جیت لیا

تاہم، آئی پی ایل کے ساتھ شیڈول کے اس ٹکراؤ کے باعث متعدد بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دونوں لیگز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا، جو پی ایس ایل کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ اس صورتِ حال میں پی سی بی کو کھلاڑیوں کی دستیابی کے حوالے سے بڑی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہوگی۔

مزید پیش رفت آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے، جب پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان حتمی مشاورت ہوگی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *