پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں اسلحہ کی نمائش اور عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
دفعہ 144 کے تحت صوبے میں جلسے، جلوس اور دھرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
صوبے بھر میں اذان اور خطبہ کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی وزارتِ داخلہ نے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز آج رات سے اگلے احکامات تک بند رہیں گی۔ البتہ لینڈ لائن فون سروسز اور وائی فائی نیٹ ورکس معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔