سندھ حکومت نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر 20 اکتوبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق، محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیر 20 اکتوبر کو تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے تاکہ ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار دیوالی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کی ثقافتی اور مذہبی روایات کے احترام و فروغ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دیوالی ہندو برادری کا اہم مذہبی تہوار ہے، جو روشنیوں کا جشن کہلاتا ہے۔ اس موقع پر گھروں، مندروں اور گلیوں کو چراغاں کیا جاتا ہے۔