پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں 4 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں 26 مئی بروز منگل سے 29 مئی بروز جمعہ تک عیدالاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی۔ اس دوران تمام سرکاری دفاتر تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری محکمے بند رہیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے بعد سرکاری دفاتر معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے جبکہ عید کے موقع پر سکیورٹی صفائی اور دیگر شہری سہولیات کے لیے متعلقہ ادارے متحرک رہیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت بھی عیدالاضحیٰ پر 4 روزہ تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے میں بھی 26 مئی سے 29 مئی تک سرکاری تعطیلات ہوں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت بھی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے تاہم وفاقی سطح پر تعطیلات 26 سے 28 مئی تک دی گئی تھیں۔ صوبائی حکومتوں کی جانب سے اضافی تعطیلات کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین اور شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔