برطانوی حکومت نے بادشاہ چارلس سوم کے شاہی نشان والے نئے ڈیزائن کا پاسپورٹ متعارف کرا دیا ہے۔ حکومت کے مطابق نیا پاسپورٹ رواں برس دسمبر سے عوام کو فراہم کیا جائے گا۔ نئے پاسپورٹ پر بادشاہ چارلس سوم کا شاہی نشان (Coat of Arms) نمایاں طور پر موجود ہے۔
نئے ڈیزائن میں برطانیہ کے قدرتی مناظر کو شامل کیا گیا ہے جن میں اسکاٹ لینڈ کا بین نیوس، انگلینڈ کا لیک ڈسٹرکٹ، ویلز کا تھری کلِفز بے اور شمالی آئرلینڈ کا جائنٹس کاز وے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نئے پاسپورٹ میں ہولوگرافک سکیورٹی فیچرز، لیزر مارکنگ اور شفاف صفحات شامل کیے گئے ہیں تاکہ جعل سازی کو روکا جا سکے۔
برطانوی حکومت کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کے دور کے پاسپورٹس اپنی مدتِ معیاد تک قابلِ استعمال رہیں گے۔ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کی منصوبہ بندی سے قبل اپنے پاسپورٹ کی مدت ضرور چیک کریں۔